اپنے رب کے بارے میں کتنا برا گمان ھے تمہارا-
خود بچے کو تھپڑ مار دو تو ساری رات تمہیں نیند نہیں آتی ، وہ تھپڑ بچے کے منہ پر مگر آپ کے دل پر لگتا ھے ، اور بار بار لگتا رھتا ھے ، بچے کو چین آ جاتا ھے آپ کو چین نہیں آتا ، بچے کی آنکھیں روتی ھیں مگر آپ کا دل روتا ھے ، وہ آنسو روتا ھے اور آپ خون روتے ھیں ،، مگر اس خالق کے بارے میں آپ یہ اطلاع دیتے ھیں کہ وہ صرف ایک سبجیکٹ کا ھوم ورک نہ کرنے پر اپنے بندے کو دو کروڑ سال کے لئے آگ میں پھینک دے گا ،اور ان دو کروڑ سالوں کا ھر دن پچاس ھزار سال کا ھو گا ؟
قربان جاؤں کیسا تعارف کرایا ھے میرے رب کا جس نے 99 حصے رحمت اپنے پاس رکھ کر بس ایک حصہ پوری مخلوق میں تقسیم کیا جس میں سے ھماری ماں کو بھی ریت کے ذرے برابروہ رحمت ملی ھے جس کے صدقے وہ مار کر سو نہیں سکتی اور سوتے میں بچے کے چہرے کو سہلاتی رھتی ھے –
اللہ پاک فرماتا ھے کہ ما لکم لا ترجون للہ وقارا؟ تمہیں کیا ھو گیا ھے تم اللہ کے بارے میں پروقار سوچ نہیں سوچ سکتے