گوگل میپ میں جب آپ اپنی لوکیشن اور منزل Set کر دیتے ھیں تو پھر وہ نیویگیشن شروع کر دیتا ھے ،، اگر آپ اپنے رستے سے ھٹتے ھیں اور اس کی کمانڈ کو فالو نہیں کرتے ،ٹریک تبدیل کر لیتے ھیں اور رائٹ یا لیفٹ اس کی ھدایت کے مطابق نہیں لیتے ،، تو وہ گالیاں نہیں دیتا ،، اس کا کام یہ ھے کہ وہ فورا اگلا قریب ترین ایگزٹ دکھانا شروع کر دیتا ھے کہ اچھا چلو اب اگلے انٹرچینج سے دائیں یا بائیں لے لینا اور وہ یہ کام بڑے صبر کے ساتھ آپ کی منزل کے سامنے پہنچ جانے تک کرتا رھتا ھے ،،،،،،،،،،،،،،،،،،،،،
یہی کام ایک مبلغ اور داعی کا ھے ، ایک عالم اور مفتی کا ھے کہ وہ بندے کو اس کی آخری سانس تک بتاتا رھے کہ اس کا قریب ترین ایگزٹ کونسا ھے ،، اسے کافر ،مرتد ، زندیق ، قرار دینا اس کا کام نہیں ،، اسی کام کے لئے 50 ھزار سال کا دن رکھا گیا ھے ،، یہانتک کہ اگر بندے نے توبہ کی نیت بھی کر لی اور اس کے بعد عمل کی مہلت نہ ملی تو نجات پا گیا کیونکہ انما الاعمال بالنیات ،،
اللہ کے رسول صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا ھے کہ اگر گٹھلی تمہارے ھاتھ میں ھے اور تم اس کو بونے کے لئے بیٹھے ھو کہ قیامت آ گئ ھے تو اس کو بوئے بغیر مت اٹھنا ، اس لئے کہ درخت اگانے کا اجر تمہیں نہیں ملتا ، درخت بونے کا اجر ملتا ھے ، اور شاید یہی اجر دائیں پلڑے کو جھکا دے ،،، ھمارا کام یہ ھے کہ بڑے سے بڑے گنہگار کو گناہ سے نکلنے کا رستہ بتائیں نہ کہ اسے فاسق فاجر کہہ کر اس کی توھین کریں اور اس کو جھڑکیں ، اس کا فسوق اور فجور اسی لمحے ختم ھو گیا تھا جب اس میں ندامت عود کر آئی تھی ،، اللہ نے اسے ھمارے پاس علاج کے لئے بھیجا تھا تو اس کی ندامت قبول فرما کر بھیجا تھا اور اگر ھم نے اسے کھو دیا ،،،،،،،،،،،،تو شاید بہت کچھ کھو دیا ، بہت کچھ،،،