کون غیر مسلموں پہ وقت ضائع کرتا پھرے ،، اس تیزی کے دور میں جب انسان کے کرنے کے اور بھی ڈھیروں کام پڑے ھیں ، غیر مسلموں کی منتیں ترلے کرنے کا وقت کون نکالے ، ان کے سوالوں کے جواب دے کر ان کو مطمئن کرے ،، پھر مسلمان ھو جائیں تو ان کی تعلیم و تربیت کا جوکھم بیلے ،، ؟؟؟؟
اس تمام کھکھیڑ سے جان بچا کر جنت کمانے اور جہنم بھرنے کا شارٹ کٹ طریقہ شدت پسند "الشباب "نامی صومالی تنظیم نے اپنایا ھے ، جس کا موٹو ھی یہ ھے کہ مسلمان کے سوا کسی کو اس زمین پر جینے کا حق نہیں ،، چند ماہ پہلے انہوں نے ایک شاپنگ مول میں بے دریغ قتلِ عام کیا ،، پہلے باجماعت نماز پڑھی پھر مردوں عورتوں اور اپنی ماؤں کی طرف دوڑتے تین تین سال کے بچوں کو بھون کر رکھ دیا ،، ایک ایسی عورت کو جو پردے میں نہیں تھی ، اور دعوی کر رھی تھی کہ وہ مسلمان ھے ایک ٹیبل کے نیچے سے گھسیٹ کر نکالا گیا اور اس سے قرآن کی سورتیں سنی گئیں ، پھر یہ کہہ کر کہ تم واقعی مسلمان ھو مگر پردہ نہ کرنے کی پاداش میں تمہیں قتل کیا جاتا ھے پستول اس کے ماتھے پہ رکھ کر شوٹ کر دیا گیا ،، پرسوں ایک بس روک کر اس کے مسافروں کو باھر نکال کر لائن میں لگایا اور مسلمانوں کو چھانٹ کر الگ کیا باقی درجنوں غیر مسلموں کو بھون دیا گیا ،، بچ جانے والے تین عیسائی گلف میں نوکری کر کے گئے تھے انہیں چند سورتیں یاد تھیں جو سنا کر وہ بچ گئے !!
الغرض اللہ کے یہ مددگار جھنم کو کافروں سے بھرنے میں اللہ کی مدد فرما رھے ھیں کیونکہ اللہ نے جھنم کو بھرنے کا وعدہ کیا ھے لہذا وہ رب کو اپنا وعدہ پورا کرنے میں مدد دے رھے ھیں ،، جنت خالی بھی رہ جائے تو کیا حرج ھے اس کو بھرنے کا وعدہ تو اللہ نے نہیں کیا !! کیسے کیسے پاگل اس امت کا نام روشن کرنے کی سرتوڑ کوشش فرما رھے ھیں !! لگتا ھے مختلف گروپوں کو الگ الگ علاقے بانٹ کر دے دیئے گئے ھیں جہاں انہوں نے اسلام کا نام روشن کرنا ھے اور ساتھ ثبوت کے طور پہ ویڈیو فراھم کرنی ھے تو معاوضہ ملنا ھے !